عمران خان سے ملاقات کا معاوضہ ایک کروڑ سے زائد ہے پی ٹی آئی رہنما کی مبینہ آڈیو لیک
مبینہ آڈیو میں چوہدری حفیظ اور اعجاز چوہدری کو پی پی 114 کی نشست پر ٹکٹ سے متعلق گفتگو کی ہے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری اور چوہدری حفیظ کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ٹکٹ کے خواہش مند شخص سے گفتگو کررہے ہیں۔
اس مبینہ آڈیو میں چوہدری حفیظ نے اپنا تعلق نوابشاہ سے کروایا اور بتایا کہ میں اسلام آباد میں بات کررہا ہوں، آپ سے پنجاب الیکشن کے لیے پی پی 114 کی نشست کے لیے رانا شوکت کو ٹکٹ سے متعلق بات ہوئی تھی۔
چوہدری شوکت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر آپ نے مجھے بتایا نہیں کہ چندا کتنا دینا پڑے گا اور ٹکٹ کتنے کا ملے گا؟۔
اس مبینہ آڈیو میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعجاز چوہدری نے جواب میں کہا کہ 'چندا تو لامحدود ہے، عمران خان سے ملاقات کے لیے آپ کو ایک کروڑ روپے سے زائد معاوضہ ادا کرنا ہوگا پھر ملاقات ہوجائے گی'۔
اعجاز چوہدری نے یہ بھی کہا کہ آپ کو چیئرمین سے ملاقات میں یہ یقین دہانی کرانی ہے کہ ہم اتنی رقم بطور چندا آپ کو دے دیں گے اور یہ رقم ایک کروڑ سے اوپر ہونی چاہیے تاکہ چیئرمین سے ملاقات ہوسکے۔
چوہدری حفیظ نے دس ملین سننے کے بعد تصدیق کی کہ ایک کروڑ جس پر اعجاز چوہدری نے کہا جی جی ایک کروڑ سے اوپر۔۔ پھر چوہدری حفیظ نے پوچھا اور ٹکٹ کے کتنے پیسے دینے ہوں گے جس پر اعجاز چوہدری نے جواب دیا کہ یہ رقم پارٹی کے لیے ہی ہے۔
شوکت خانم اسپتال کو عطیہ دینے کے سوال پر اعجاز چوہدری نے کہا کہ 'آپ اگر دینا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے'۔
اس پر چوہدری حفیظ نے پوچھا کہ روزوں میں آؤں یا بعد میں تو اس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر ٹکٹ لینی ہے تو آج کل میں ہی آجاؤ۔