عید کی چھٹیوں میں گرفتاری کا خدشہ عمران خان نے عدالت سے رجوع کر لیا

وفاقی حکومت عید کی چھٹیوں میں گرفتار کرنا چاہتی ہے،عمران خان

(فوٹو : فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عید کی چھٹیوں میں گرفتاری کےخدشہ کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق کل (بروز جمعرات) کو سماعت کریں گے۔ درخواست میں کہا معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت عید کی چھٹیوں میں گرفتار کرنا چاہتی ہے اور زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اس لیے عید کے دنوں میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرا ئی ہے جس میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہے اس لیے رجیم چینج کے بعد سے فریقین چیئرمین پی ٹی آئی کو پی ڈی ایم حکومت کی ایما پر ہراساں کر رہے ہیں۔


درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش کی گئی، ان خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کیے گئے، خدشہ ہے کہ اسلام آباد آنے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، خفیہ انداز میں کوئی مقدمہ درج کیا گیا تو اس کی معلومات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور کسی بھی مقدمہ میں گرفتاری کو عدالتی اجازت سے مشروط کیا جائے۔

رجسٹرار آفس نے درخواست کو 20 اپریل کے روز سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
Load Next Story