چوہدری انوار الحق نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
آزاد کشمیر کے 15ویں وزیراعظم چوہدری انوار الحق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار تھے
قانون ساز اسمبلی سے منتخب ہونے کے بعد سابق سیکریٹری چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر کے 15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری انوار الحق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار تھے جنہوں نے قانون ساز اسمبلی سے 48 ووٹ حاصل کیے اور باآسانی وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سے چوہدری انوار الحق سے عہدے کا حلف لیا۔
پی ٹی آئی تین دھڑوں میں تقسیم ہونے کی وجہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلیے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کرنے میں ناکام رہی جبکہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی فارورڈ بلاک نے چوہدری انوار الحق کو امیدوار نامزد کیا۔
مقررہ وقت تک سوائے چوہدری انوار کے کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے جس کے باعث وہ پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوئے تاہم قانون ساز اسمبلی کی کارروائی میں 48 ممبران نے اُن پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ چار اراکین اجلاس سے غیر حاضر رہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو عدالت کی جانب سے توہین عدالت کے جرم میں سزا سنائی جاچکی ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور رہنما پی ٹی آئی تنویر الیاس نے الزام عائد کیا ہے کہ پرویز خٹک گروپ نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی سازش کی جس کی وجہ سے چوہدری انوار الحق کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار ہوئی۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان نے چوہدری انوار الحق کو نامزد نہیں کیا مگر پرویز خٹک کے ذریعے سارا کھیل رچایا گیا، جس سے مرکزی قیادت بھی لاعلم ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوہدری انوار منی لانڈرنگ کا کام کرتے ہیں اور اُن کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہونے والا ہے۔
سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی منی لانڈر کو پی ٹی آئی پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔