عدالت کا آرادھیا بچن کی موت کی خبر نشر کرنے پر یوٹیوب کو نوٹس

یوٹیوب چینل نے آرادھیا کے حوالے سے خبر نشر کی تھی کہ ان کی موت ہوگئی ہے

(فائل فوٹو)

بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی بیٹی آرادھیا بچن اپنی صحت سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر یوٹیوب چینل کے خلاف عدالت پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی بیٹی آرادھیا بچن نے ایک یوٹیوب چینل کے خلاف اپنی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے پر مقدمہ درج کیا تھا جس پر عدالت نے آرادھیا کے حق میں فیصلہ سُنا دیا ہے۔

یوٹیوب چینل نے 11 سالہ آرادھیا کی صحت سے متعلق غلط خبریں نشر کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ وہ شدید بیمار ہیں اور ان کی موت ہوگئی ہے۔


11 سالہ آرادھیا بچن کی جانب سے دائر مقدمے کی سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ نے آرادھیا کی موت اور صحت کے حوالے سےغلط اور جھوٹی خبریں نشر کرنے والے یوٹیوب چینل کو فوری طور پر مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔

ساتھ ہی عدالت نے یوٹیوب اور گوگل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے کہ وہ فیکٹ چیک کریں، غلط مواد کو ہٹائیں اور اس پر پابندی لگائیں۔
عدالت نے کہا کہ ہر بچہ خواہ وہ کسی مشہور شخصیت کی بیٹی یا بیٹا ہو یا کوئی عام بچہ ہر صورت عزت کے ساتھ برتاؤ کا مستحق ہے۔

یاد رہے کہ یوٹیوب چینل ویوز کی دوڑ میں آگے نکلنے کیلئے شوبز ستاروں اور ان کے بچوں کے حوالے سے خبریں نشر کرتے ہیں تاہم ان میں سے اکثر خبریں جعلی ہوتی ہیں۔
Load Next Story