زیرک سیاسی قائدین کا کام ناممکن کو ممکن بنانا ہے چوہدری شجاعت

مسلم لیگ (ق) کا پنجاب الیکشن میں تمام نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ


ویب ڈیسک April 21, 2023
(فوٹو فائل)

مسلم لیگ (ق) نے پنجاب الیکشن میں تمام نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں جاری سیاسی بحران اور پنجاب الیکشن کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ کے بڑوں کا چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔


اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ، نائب صدر چوہدری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم بارے مشاورت کی گئی۔


مشاورت کے بعد مسلم لیگ ق نے پنجاب کے انتخابی معرکے کے لئے اچھے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹیں دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے امیدواروں کو ٹکٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا۔ اجلاس میں مفاہمتی عمل کے لئے پارٹی کی چار رکنی مذاکراتی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔


چار رکنی کمیٹی میں چوہدری سرور، طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین شامل ہیں۔


چوہدری شجاعت نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے، سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ اکٹھے بیٹھنا چاہیے، ناممکنات میں سے ممکنات کے امکانات پیدا کرنا ہی سنجیدہ اور زیرک سیاسی قائدین کا خاصہ ہے۔


اس موقع پر مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات چاہتی ہے، ایک روز انتخابات نہ ہونے کی صورت میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا، پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی ٹکٹس جلد الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں گے، پارٹی کو منظم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، معروف سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں