علی امین گنڈا پور کو ذہنی اذیت دے کر مشرقی پاکستان کی روایت کو دہرایا جارہا ہے عمران خان
احمقانہ کارروائیوں میں ملوث لوگوں کو معلوم نہیں کہ ان سب اقدامات سے فاصلے بڑھیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو دوران حراست تذلیل کا نشانہ اور ذہنی اذیت دے کر مشرقی پاکستان کی روایت کو دہرایا جارہا ہے۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو دوران حراست ذہنی اذیت دی جارہی ہے اور تذلیل کی غرض سے دورانِ حراست شہرشہر گھمایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس رویے کی سیدھی وجہ یہ ہے کہ علی امین گنڈا پور پارٹی کی نظریاتی شخصیات میں سے ایک اور کارکنوں میں ہر دل عزیز ہیں، جو لوگ ان احمقانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، انھیں یہ معلوم نہیں کہ ان ہتھکنڈوں سےوہ اپنے لئے ذلّت کاسامان کرنے اور ملّت و ریاست کےمابین فاصلےبڑھانےکےعلاوہ کچھ نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ مشرقی پاکستان میں کیا گیا وہی سب پھر سے دہرایا جارہا ہے، جس بے باکی و استقامت سے علی امین نے ان مصائب و مشکلات کا سامنا کیا ہے اس سے ہماری نگاہوں میں ان کی قدر و منزلت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کو شکار پور میں درج مقدمے میں دو روزہ راہداری ریمانڈ پر سندھ منتقل کیا گیا ہے۔