
ایکسپریس نیوز کے مطابق عید کے موقع پر کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا قوم کو پیغام
عید کے اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لیے امن و سلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے، رمضان المبارک ہمارے اندر تقویٰ، پرہیزگاری اور دوسروں کی تکلیف کا احساس پیدا کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کے لیے درد محسوس کر رہے ہیں، قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر پر صاحب ثروت لوگ آگے بڑھ کر ضرورت مندوں کی مدد کریں، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے۔ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن، صدر مملکت نے فیصل مسجد جبکہ دیگر سیاسی شخصیات نے بھی نماز عید ادا کر کے پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔