لاہور میں ہلکی بارش سے  موسم خوشگوار عید کی خوشی دوبالا ہوگئی

گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بونداباندی کا سلسلہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان، ،واسا نے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں

شہر کو صبح ہی سے ٹھنڈی ہواؤں اور بادلوں نے گھیر لیا تھا (فوٹو فائل)

باغوں کے شہر لاہور میں میں آج صبح ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ عید الفطر کے پہلے روز ہر چہرہ کھل اٹھا اور شہریوں کی خوشی دوبالا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کا امکان ہے۔ آج صبح ہی گلبرگ،گڑھی شاہو، جیل روڈ، فیروز پور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے موسم اچانک بدلا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔


واضح رہے کہ مغرب سے آنے والی ہواؤں اور بادلوں نے آسمان اور فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

دریں اثنا واسا کی جانب سے بارش کے پیش نظر پہلے ہی الرٹ جاری کردیا گیا تھا اور اس سلسلے میں تمام ملازمین کو نکاسی آب کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق عید کی چھٹیوں میں ملازمین و افسران کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔
Load Next Story