زلزلے میں پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے طیب ایردوان
وزیراعظم شہباز شریف کا صدر ترکیہ کو ٹیلی فون، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پراتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں اور ترکیہ کےعوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نےجنوب مشرقی ترکیہ میں 6 فروری کے زلزلہ متاثرین کے لیے دعا بھی کی اور بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے دوران ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر ایردوان نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے اپنے خصوصی برادرانہ جذبات اور پیار کا اظہار کیا۔
ترک صدر نے زلزلے کے دوران مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور پیغام دیا کہ وہ پاکستان کی مدد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
ترک صدر نے زلزلے کے بعد وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جو قیادت کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
دونوں رہنمائوں نے اپنی گفتگو میں برادر ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، معیشت، غذائی تحفظ اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے تمام اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کا عزم بھی دہرایا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے صدرایردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔