ملک میں انتخابات ایک ہی دن کروانے کیلیے پی پی کا احتجاج کا اعلان

پیپلز پارٹی 25 اپریل منگل کے روز سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاج کرے گی، نثار کھوڑو

فائل فوٹو

پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں ایک دن پر انتخابات کروانے کے لیے 25 اپریل کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔

صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 25 اپریل منگل کے روز سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاج کرے گی کیونکہ سندھ کو ون ڈے پول کے علاوہ الگ الگ انتخابات کا فیصلہ قبول نہیں ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کی شق 69 کے تحت ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن پر کروائے جائیں کیونکہ الگ الگ انتخابات ملک کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے مترداف عمل ہوگا۔ دو صوبوں کے انتخابات قومی اور دیگر دو صوبائی اسیمبلیوں کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کا پلان ہے۔


صدر پیپلزپارٹی نے کہا کہ عدالت عمران خان کے سازشی عزائم میں آلہ کار مت بنے، سندھ نے پاکستان بنایا اور سندھ ملک کو دو حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دے گی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے لہٰذا الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنے دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت انتخابات کو دھاندلی زدہ بنانے کی کوشش ہوگی۔ عدالت فل کورٹ بنا کر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

صدر پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بحال کرنی پڑیں تو بحال کی جائیں، آئینی مدت پوری ہونے پر نگراں حکومتیں قائم ہوں جس کے بعد ملک میں ایک دن پر انتخابات کروائے جائیں۔
Load Next Story