عید پر سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق
دونوں نوجوانوں کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا سے تھا، لاشیں ورثا کے حوالے کردیں، پولیس
عید الفطر کے دوسرے روز سینڈزپٹ اور منوڑا کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عیدالفطر کے دوسرے روزماڑی پور تھانے کی حدود میں واقع سینڈزپٹ اور منوڑا کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب کرجان بحق ہوگئے، لائف گارڈز اور ایدھی فاؤنڈیشن کے غوطہ خوروں نے 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد لاشیں نکال لیں۔
ماڑی پورتھانے کے قائم مقام ایس ایچ اوسب انسپکٹر سرفراز نے بتایا کہ دونوں نوجوان اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ہمراہ عید کے موقع پر پکنک کے لیے ساحل سمندر پر آئے تھے جہاں سمندر میں نہاتے ہوئے دونوں نوجوان تیز لہروں کا سامنا نہ کر سکے اورڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 22 سالہ عبدالکلام ولد نصیب خان اور 23 سالہ غلام شبیر ولد غلام مصطفیٰ کے ناموں سے کی گئی، عبدالکلام اتحاد ٹاؤن جبکہ متوفی نوجوان غلام شبیر نیو کراچی شفیق کالونی کا رہائشی تھا۔
پولیس کہا کہنا ہے کہ دونوں نوجوانوں کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا سے تھا، پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ان کے اہلخانہ کے حوالے کردی ہیں۔