نوشکی میں گودام سے ہزاروں بوری چینی اور یوریا برآمد
پکڑے گئے سامان کی مالیت 6 کروڑ سے زائد ہے، بیرون ملک اسمگل ہونی تھی، کسٹمز
ایف بی آر کی کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے بلو چستان کے ضلع نوشکی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی چینی اور یوریا کی بوریاں برآمد کرلیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق کسٹمز انٹیلی جننس ڈیپارٹمنٹ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی نوشکی کے علاقے میں واقع فلور مل کے گودام میں بڑے پیمانے پر چینی اور یوریا ذخیرہ کی گئی ہے جو بیرون ممالک اسمگل ہونی ہے جس پر کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فلور ملز پرچھاپہ مار کر بڑی تعداد میں چینی اور یوریا کھاد برآمد کرلی۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ گودارم سے پکڑے گئے سامان میں چینی کی 10 ہزار اور یوریا کی 12 سو بوریاں شامل ہیں اور اس پکڑے جانیوالے سامان کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد ہے، گودام کو سیل کر کے لوکل انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم، آٹا، چینی اور یوریا پر مشتمل نوٹیفائی کردہ اشیائے ضروریہ کی سرحدی علاقوں میں نقل و حمل ممنوعہ قرار دیے جانے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے افغانستان، بھارت اور ایران سے متصل سرحدی علاقوں میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔