شکست کے خوف سے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے عمران خان

حکومت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد سے انکار دستور پر ننگے حملے کے مترادف ہے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک April 24, 2023
فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد سے انکار دستور پر ننگے حملے کے مترادف ہے، محض شکست کے خوف اور اپنے مفادات کیلیے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

سینیئرصحافیوں اوراینکرپرسنز کے ساتھ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل فیصلے کیلیے جمہور سے رجوع ہے، عوام اپنے اختیار کو صاف شفاف طریقے سے منتخب نمائندوں کے ذریعے بروئے کار لاتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر ننگے حملے کے مترادف ہے، محض شکست کے خوف اور اپنے مفادات کیلیے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہور کے ووٹ کے حق کو غصب کرنے والوں کے ہاتھوں آئین کا قتل روکنے کیلیے میدانِ عمل میں ہیں، قانون سے بالاتر طبقہ ملک میں فسطائیت اور وحشت کی تاریخ رقم کررہا ہے، چوروں کو قبول کروانے کیلیے قانون اور بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کا کہنا تھا کہ بےگناہ نوجوانوں کے اغوا اور ان پر عقوبت و تشدد کا سفاک سلسلہ جاری ہے، انتخاب میری یا تحریک انصاف کی نہیں، ملک و قوم کی ضرورت ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ دستورِ پاکستان کی رو سے اقتدارِاعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ اور اختیارات کا سرچشمہ عوام ہیں، تحریک انصاف کے قیام و اساس کا مقصد ہی ملک میں عدل و انصاف کا قیام، قانون و دستور کی حکمرانی ہے۔ 1996 سے آج تک تحریک انصاف نے اپنے نصب العین کے حصول کیلیے مکمل طور پر پرامن، جمہوری و آئینی جدوجہد کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں