فوجی بجٹ سے کٹوتی کر کے رقم فلاحی منصوبوں پر لگائی جارہی ہے ڈی جی آئی ایس پی آر
چیف آف آرمی اسٹاف نے گوادر کی تعمیر و ترقی اور فلاحی منصوبوں کیلیے فوج کے بجٹ سے کٹوتی کی، ترجمان پاک فوج
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج نے معاشی صورت حال کے پیش نظر بجٹ اور اخراجات میں کمی کردی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ معاشی صورت حال کے پیش نظر اپنے اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد پیٹرولیم، راشن اور غیر آپریشنل نقل و حرکت میں کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے گوادر کی تعمیر و ترقی اور فلاحی منصوبوں کیلیے فوج کے بجٹ سے کٹوتی کی اور پھر فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔
مزید پڑھیں: فوج کسی سیاسی جماعت کی حامی نہیں، عوام ہی اصل طاقت ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سوات دھماکا دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ وہاں رکھے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ پاک فوج کی کاوشوں کی بدولت آج پاکستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے۔