امیگریشن کے عملے کی نااہلی منسوخ شدہ ویزے پر پاکستانی مسافر کو ریاض جانے کی اجازت دے دی

مذکورہ مسافر 18اپریل کو ریاض سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

مذکورہ مسافر 18اپریل کو ریاض سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے امیگریشن کے عملے کی نااہلی کے سبب منسوخ شدہ ویزے پر پاکستانی مسافر کو ریاض جانے کی اجازت دے دی گئی، سعودی امیگریشن نے قومی ایئرلائنزپر4 ہزار ریال جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسافرکو ڈی پورٹ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائنزکی پرواز پی کے730کے ذریعے کراچی سے ریاض کیلیے روانہ ہونے والے پاکستانی مسافر کے ویزے کی تاریخ تنسیخ کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود اسے امیگریشن ڈپارچر کے عملے نے ریاض جانے کی اجازت دیدی تھی تاہم سعودی امیگریشن نے ریاض پہنچنے کے بعد ویزا منسوخ ہونے کی وجہ سے مسافر کو ڈی پورٹ کرتے ہوئے اگلی پرواز سے پاکستان واپس روانہ کردیا، ذرائع کے مطابق مذکورہ مسافر 18اپریل کو ریاض سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ جہاں امیگریشن آمدکے عملے نے بھی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافر کو قانونی چارہ جوئی کے بغیر ریلیز کردیا، ذرائع نے بتایا کہ سعودی امیگریشن نے قوانین کے مطابق قومی ایئرلائنز پر4 ہزار ریال جرمانہ عائدکردیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ مسافر امیگریشن ڈپارچر کی شفٹ ڈی کے دوران سعودی عرب کیلیے روانہ ہوا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر امیگریشن ایگزٹ کی مہر کائونٹرافسر غلام محمد نے ثبت کی تھی جبکہ گروپ انچارج نازش نے بھی ری چیکنگ کے دوران مسافرکے ویزے کی تاریخ تنسیخ کو نظراندازکرتے ہوئے اسے روانہ ہونے کی اجازت دی تھی، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن ڈپارچرسعید میمن نے بتایاکہ وہ سعودی عرب سے بے دخل ہونے والے مسافر اور پی آئی اے کوہونے والے جرمانے کے معاملے سے مکمل طور پرلاعلم ہیں۔

چند دن قبل ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی مسافروں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے الزام میں2امیگریشن افسران کیخلاف مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتارکرلیا گیا تھا، ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعیناتی کے بعد سے مختلف نوعیت کی جعلسازی کرکے بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کوبے دخل کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ منسوخ شدہ ویزے پر مسافرکو سعودی عرب بھیجنے والے امیگریشن حکام کے خلاف تاحال کارروائی کرنے کے بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
Load Next Story