سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نیب میں پونے 2 گھنٹے تفتیش

نیب پہلے بھی کئی بار طلب کر چکا ہے، کورونا کے باعث عثمان بزدار نے عید کے بعد پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی

(فوٹو فائل)

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نیب میں پیش ہو گئے، جہاں ان سے تقریباً پونے 2 گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب عثمان بزدار کو پہلے بھی کئی بار طلب کر چکا ہے، تاہم کورونا میں مبتلا ہونے کی بنا پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نیب پیش نہیں ہوسکے تھے اور انہوں نے نیب کو اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھجوا دیا تھا۔


عثمان بزدار نے نیب کو عید کے بعد پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی، جس پر وہ آج آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب میں پیش ہو گئے جہاں انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے تفتیش کی۔ نیب کی جانب سے عثمان بزدار کو سوال نامہ بھی دیا گیا تھا، جس کے ساتھ کہا گیا تھا کہ ان کے جوابات ساتھ لائیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب تقریباً پونے دو گھنٹے نیب آفس میں موجود رہے، جہاں ڈائریکٹر نیب سید حسنین کی نگرانی میں ٹیم نے ان سے تحقیقات کیں۔عثمان بزدار نے سوالنامے کے جوابات آج کی پیشی میں بھی جمع نہیں کروائے، جس پر انہوں نے نیب سے 2مئی تک مہلت مانگ لی۔

نیب نے عثمان بزدار سے ان کے فرنٹ مینوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کیں۔
Load Next Story