نگراں حکومتوں کے خلاف فواد چوہدری کا سپریم کورٹ سے رجوع
پنجاب اور پختونخوا کے امور روزانہ کی بنیاد پر عدالت عظمیٰ کی زیر نگرانی چلائے جائیں، درخواست میں استدعا
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے نگراں حکومتوں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
سابق وفاقی وزیر نے آئین کے آرٹیکل 184/3 کی درخواست ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم کی وساطت سے عدالت عظمیٰ میں دائر کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب، کے پی کے الیکشن کے لیے 21 ارب جاری کرنے سے انکار کردیا۔وفاقی حکومت کا الیکشن کےلیے فنڈز سے انکار کیا آئین کی خلاف ورزی نہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن آئینی تقاضا ہے۔ آئین نگراں حکومتوں کی میعاد میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 184/3 اور 187 کے تحت صاف شفاف انتخابات کے لیے احکامات صادر کرے۔
فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگراں وزیر اعلیٰ پختونخوا کو فوری طور پر عہدے چھوڑنے کا حکم دیا جائے۔ نگراںوزرائے اعلیٰ کو فوری طور پر اختیارات کے استعمال سے روکا جائے اور پنجاب و پختونخوا کے امور روزانہ کی بنیاد پر عدالت عظمیٰ کی نگرانی میں چلائے جائیں۔
عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ دونوں صوبوں میں الیکشن کے انعقاد اور نئی حکومتوں کے امور سنبھالنے تک سپریم کورٹ نگرانی کرے۔فواد چوہدری نے نگراں وزیر اعلیٰ کی تعیناتیوں کے نوٹی فکیشنز بھی درخواست کے ساتھ منسلک کیے ہیں۔