ایران خامنہ ای کے نمائندے اور معروف عالم مسلح حملے میں جاں بحق

75 سالہ آیت اللہ عباس علی سلیمانی ایرانی سپریم لیڈر کے انتخاب، برطرفی اور نگرانی کرنے والی کونسل کے بھی رکن تھے


ویب ڈیسک April 26, 2023
75 سالہ ایرانی عالم آیت اللہ عباس سلیمانی سپریم لیڈر خامیہ ای کے نہایت قریب تھے؛ فوٹو: فائل

ایران میں ایک طاقت ور شیعہ عالم آیت اللہ عباس علی سلیمانی مسلح حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی صوبے مازندران کے شہر بابولسر میں 75 سالہ آیت اللہ عباس علی سلیمانی کو حملہ آور نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے قاتل کو گرفتار کرلیا۔

تاحال قتل کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا جب کہ گرفتار ملزم کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔ تفتیش کا عمل جاری ہے۔



آیت اللہ عباس علی سلیمانی طاقتور عالم دین ہیں جو صوبہ اصفہان کے وسطی شہر کاشان اور جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان میں زاہدان میں نماز جمعہ کی امامت بھی کرتے رہے ہیں۔

وہ اس سے قبل آیت اللہ علی خامنہ ای کے نمائندے بھی رہے اور ملک کے سپریم لیڈر کا انتخاب کرنے والی کونسل کے بھی رکن تھے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نہایت قریب سمجھے جاتے تھے۔



واضح رہے کہ گزشتہ سال اصفہان میں سپریم لیڈر خامنہ ای کے ایک اور نمائندے آیت اللہ یوسف طباطبائی پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا تھا تاہم وہ بچ گئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ برس اپریل میں ہی صوبے مشہد کے شمال مشرقی شہر میں ایک حملے میں دو علما جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں