قتل اور بھتہ خوری میں ملوث کالعدم تنظیم کے کارندے گرفتار

گرفتار ملزمان انتہائی خطرناک مجرم ہیں جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ایس ایس پی ایس آئی یو

—فوٹو: ایکسپریس

ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کوگرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث 2 دہشت گرد محمد کمال خان ولد طوطا خان اورعبدالقادر ولد ارشاد حسین کو گرفتارکیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو جنید احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان انتہائی خطرناک مجرم ہیں جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جنہوں نے افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کے خوفناک کے انکشافات کیے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے کچھ عرصہ قبل صدر کے ایک تاجر سے تحریک طالبان پاکستان کے لیے بھتہ طلب کیا تھا جس پر ایک مقدمہ پریڈی تھانے میں درج ہوا اور تفتیش ایس آئی یو کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال ملزمان نے بھتہ نہ دینے پر بنارس میں قیوم گوشت والے کو اپنے دیگر ساتھیو ں کے ساتھ ملکرقتل کیا ہے جس کا مقدمہ الزام نمبر 20/23 پیر آباد تھانے میں درج ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ سال 2022 میں گرفتار ملزمان نے گلشن معمارمیں افغان نژاد شہری سعید احمد کو افغانستان میں موجود طالبان کی مخبری امریکن ایجنسی کو کرنے کے شبہ میں قتل کیا جس پر افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان نے 20 لاکھ روپے انعام کے طور پر انہیں بھیجے جو انہوں نے آپس میں تقسیم کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس قتل کے متعلق مقدمہ الزام نمبر 574/22 تھانہ گلشن معمار میں درج ہے گرفتار ملزمان نے اسکے علاوہ بنارس میں درویش بیف ںسینٹر اور ایک پینٹ والے سے بھی بذریعہ پرچہ بھتہ طلب کیا گرفتارملزمان کے انکشافات کے بارے میں متعلقہ تھانہ جات کو مطلع کیا گیا ہے گرفتار ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔
Load Next Story