کراچی ایکسپریس ٹرین میں آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق وزیر ریلوے کا نوٹس
مسافر کوچ سے چار افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، ریلوے حکام
خیرپور کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگنے کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے 12 بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سے بزنس کوچ نمبر 17 میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔
ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر 50 منٹ تک موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اس دوران سات مسافر جاں بحق ہوئے جبکہ چار مسافر کوچ سے لا پتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ 70 سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور زخموں کی تاب نہ لا سکیں۔
ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔ کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے سات بجے منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
وزارت ریلوے نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے، تحقیقات کے مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔