جے یو آئی کا پی ٹی آئی سے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ

عوام کو سڑکوں پر لانے کا بھی فیصلہ، جے یو آئی آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے ملک بھر میں جلسے کرے گی


ویب ڈیسک April 27, 2023
(فوٹو : فائل)

جے یو آئی (ف) نے تحریک انصاف سے کسی بھی فورم پر مذاکرات نہ کرنے سمیت آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور دفاع کے لیے جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعیت علماء اسلام کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کا لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے عوام کو سٹرکوں پر لانے کا فیصلہ کیا ہے، جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں جلسے اور مظاہرے کرے گی، جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ جلسوں کا شیڈیول تیار کرے گی، جے یو آئی پارلیمنٹ اور آئین پاکستان کے دفاع میں جلسے کرے گی۔

جے یو آئی کا کہنا ہے کہ مذاکرات پر کسی بھی قسم کے دباؤ سے انکار کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے ہمیں سنے بنا ہمارے خلاف یک طرفہ فیصلہ کیا، ایوان کی قرارداد اور قانون سازی کے خلاف فیصلے دیئے گئے۔

جے یو آئی (ف) نے چیف جسٹس سمیت تینوں ججز کو استحاق کمیٹی میں بلانے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ یہ پارلیمان پاکستان کا سب سے مضبوط ترین ایوان ہے، پارلیمان کی قراردادوں اور قانون سازی کے ساتھ کھڑے ہیں، سینیٹ کی مذاکراتی کمیٹی پر ہماری نظر ہے، کمیٹی کے فیصلے کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔

جے یو آئی نے کہا ہے کہ یہ پارلیمان اپنی مدت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، یہ پارلیمان اپنی مدت پوری کرے گا، ان تین ججز کے ساتھ پورے پاکستان میں کوئی نہیں کھڑا، پورا پاکستان پارلیمان اور وزیر اعظم کے ساتھ کھڑا ہے، ہم نے اپنی اکثریت ثابت کر دی اب انہیں اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں