پی ٹی آئی سے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں فضل الرحمان
پنجاب میں جو پارٹی جیتے گی وہ وفاق میں آئے گی، ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے، سربراہ جے یو آئی
جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی ہونے کی حیثیت سے ہم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنے کی تجویز دی اور یہ ہمارا حق ہے جس پر ہم قائم ہیں۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے سامنے اپنا مؤقف پیش کیا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں جس پر وزیر اعظم نے سینیٹ کی سطح پر کمیٹی بنانے اور وہیں بات کرنے کی تجویز دی مگر ہم کسی بھی سطح پر مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری تاریخ میں ملک میں انتخابات اکھٹے ہوتے چلے آ رہے ہیں، عدالت عظمی کیوں نوے دن کے اندر پھنس گئی؟ پنجاب میں جو پارٹی الیکشن جیتے گی وہ ہی وفاق میں حکومت بنائے گی۔
مزید پڑھیں: جے یو آئی کا پی ٹی آئی سے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت پر عدالت کا رویہ تبدیل نظر آیا، کہا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں اور ساتھ ہتھوڑا بھی دکھاتے ہیں ہمارا فیصلہ وہی ہے جو دیا ہے، سینیٹ میں بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے اپنے موقف پر قائم ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ مردم شماری پر تحفظات ہیں، حکومت سے کہا ہے ڈیجیٹل کا طریقہ درست نہیں، لسٹیں بننی ہیں اس پر انتخابات ہونے ہیں اس کو دوبارہ چیک کریں، مشین کے ذریعے الیکشن بھی کرائے گئے تھے نتائج سب کے سامنے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ جے یو آئی جلد ملک گیر سطح پر عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی۔