اعتماد کی ووٹنگ کے دوران آر ٹی ایس بیٹھا نہ خفیہ کیمرے پکڑے گئے رانا ثنا

اسپیکر بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرتے تو شہباز شریف کو 181 ووٹ ملتے، اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر موجود تھے، وزیر داخلہ

(فوٹو فائل)

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا تھا اس لیے فواد چوہدری اور شیری مزاری گنتی اور رائے شماری میں کمزور ہیں۔

فواد چوہدری اور شیری مزاری کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو گنتی نہیں صرف چلاکی آتی ہے،اگر اسپیکر اپنا ووٹ بھی ڈالتے تو وزیراعظم شہباز شریف کے ووٹ 181 ہوتے کیونکہ حکمراں جماعتوں کے ووٹوں کی تعداد 180 ہے اور اس میں پی ٹی آئی کا کوئی ووٹ شامل نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ 'اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھے ہوئے تھے جو فواد چوہدری اور شیریں مزاری کو نظر نہیں آئے، ووٹ چوروں کی گنتی ایسی ہی ہوتی ہے، آج آر ٹی ایس بیٹھا، نہ خفیہ رائے شماری ہوئی اور نہ خفیہ کیمرے پکڑے گئے۔'

مزید پڑھیں: شہبازشریف پارلیمنٹ کا اعتماد کھو بیٹھے، 20 ووٹ ہمارے منحرف ارکان نے دیے؛ فواد چوہدری

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ووٹ چور ایوان سے باہر نکل کر اب درست گنتی گننے کے قابل بھی نہیں رہے، اللہ نے چاہا تو باقی عمر لوٹوں اور لوٹیوں کی گنتی گنتے ہی گزرے گی۔
Load Next Story