حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی کامیابی کی امید کم ہی رکھیں خواجہ آصف
میں نے مذاکرات کے فیصلے پر اختلاف کیا، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی کامیابی کی امید کم ہی رکھیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مطالبات کے بعد اب مذاکرات کی کامیابی کی بھلا کیا امید ہے؟
ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'سینٹر اسٹیج' میں حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین ہونے والے مذاکرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹیمپرڈ بال کی ہے، عمران خان تو کہتے ہیں کہ یہ کریں وہ کریں اگر نہیں کریں گے تو پھر مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کوئی ایک بات بتائیں جس پر عمران خان کھڑے رہے ہوں، پہلے بیرونی سازش تھی اب امریکی سفیروں کو گھروں میں بلاتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے معاملے پر انہوں نے درخواستیں بھی بھیج دی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے تو نہیں کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کریں، پرویز الہیٰ آوازیں ہی مارتے رہے کہ پنجاب اسمبلی نہ توڑیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنا کوئی درست فیصلہ تھا؟
ان کا کہنا تھا کہ اگرعمران خان نے اسمبلیاں تحلیل نہ کی ہوتیں تو اس کا پی ٹی آئی کو ہی سیاسی ایڈ وانٹیج تھا لیکن عمران خان نے اسمبلی توڑی، میں نے مذاکرات کے فیصلے پر اختلاف کیا، میری پارٹی مجھے اختیار دیتی ہے کہ میں اختلاف کر سکتا ہوں اور یہی جمہوریت ہے۔