10ماہ میں ٹیکس شارٹ فال 400 ارب روپے ہوگیا

بدترین مہنگائی، ٹیکسز کی بھرمار کے باجود ایف بی آر ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام


Shahbaz Rana April 29, 2023
ہدف پورا نہ ہونے پر حکومتی اخراجات کم کرنا ہوں گے، یا مزید ٹیکس عائد کرنا پڑیں گے ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کا ٹیکس شارٹ فال رواں مالی سال کے دس ماہ کے دوران400 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

کرنسی کی گراوٹ اور منی بجٹ کے باجود فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس دوران محض 5.62 ٹریلین روپے ہی جمع کرسکا ہے، اور400 ارب روپے کے خسارے کے ساتھ 6.02 ٹریلین روپے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان پر آئی ایم ایف کا پریشر بڑھے گا۔

آئی ایم ایف سے کی گئی مفاہمت کے مطابق اگر ٹیکس وصولی کا ہدف پورا نہیں ہوتا، تو پھر حکومت کو اخراجات کم کرنا ہوں گے، یا پھر مزید ٹیکس عائد کرنا پڑیں گے۔ اگر صورتحال برقرار رہتی ہے تو ایف بی آر رواں مالی سال کا 7.640 کا مقرر کردہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔

ایف بی آر اپریل کا ماہانہ 586 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے میں پہلے ہی ناکام رہا ہے، اپریل کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں میں 123 ارب روپے کا خسارہ سامنے آیا ہے، حکام پرامید ہیں کہ وہ ہفتے اور اتوار تک مزید 20 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ٹیکس محصولات بڑھانے کیلیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

رواں مالی سال کے آخری دو ماہ کے دوران ایف بی آر کو ٹیکس خسارہ ختم کرنے کیلیے مزید روزانہ 33 ارب روپے کی اوسط سے 2.02 ٹریلین روپے اکھٹے کرنا ہوں گے، تاہم، پہلے دس ماہ کے دوران موجودہ حکومت کی اوسط ٹیکس کلیکشن روزانہ بنیازدوں پر 19ارب روپے رہی ہے، اس دوران اتحادی حکومت نے 170 ارب روپے کا منی بجٹ بھی نافذ کیا تھا۔

رواں مالی سال کے دوران حکومت نے مجموعی طور پر 800 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کیے ہیں، اور بجٹ پیش کرتے ہوئے ایف بی آر نے مہنگائی کا تخمینہ 11.5 لگایا تھا، جو اس وقت بڑھ کر 36 فیصد ہوچکی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جمع کیا جانے والا 5.62 ٹریلین روپے کا ریونیو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 762 ارب روپے زیادہ ہے جبکہ ایف بی آر نے مجموعی طور پر 750 ارب روپے کی کسٹم ڈیوٹیاں وصول کی ہیں، جو کہ ہدف سے 180 ارب روپے کم ہیں، اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 ارب روپے کم ہے، جبکہ اپریل میں کسٹم وصولیاں ہدف سے 45 ارب روپے کم رہی ہیں۔

ایف بی آر کو امپورٹس سے ٹیکس جمع کرنے پر انحصار کی پالیسی کو ترک کرتے ہوئے اپنے آپریشن میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: جولائی تا مارچ: ٹیکس وصولیاں ہدف سے 304 ارب روپے کم رہنے کا انکشاف

دس ماہ کے دوران انکم ٹیکس کلیکشن 758 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 2.5 ٹریلین روپے رہی ہے، اور ہدف کے مقابلے میں 134ارب روپے زائد جمع ہوئے ہیں، یہ ایف بی آر کی واحد کامیابی ہے، اپریل میں 193ارب روپے کا انکم ٹیکس جمع ہوا، جو کہ ہدف کے مقابلے میں 22 ارب روپے زائد ہے۔

تاہم، سیلز ٹیکس کی مد میں دس ماہ کے دوران صرف2.1 ٹریلین روپے جمع ہوئے، جو کہ ہدف کے مقابلے میں 285 ارب روپے کم ہیں، یہ ایف بی آر کی بڑی ناکامی ہے اور ظاہر ہوتا ہے کہ ایف بی آر مہنگائی کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا ہے۔

اسی طرح گزشتہ دس ماہ کے دوران صرف 19 ارب روپے کا جی ایس ٹی وصول کیا گیا، جو ایف بی آر کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اپریل میں 183 ارب روپے کا سیلز ٹیکس جمع ہوا، جو کہ ہدف کے مقابلے میں 80 ارب روپے کم ہے۔

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹیز کی مد میں 281 ارب روپے جمع ہوئے، جو کہ ہدف کے مقابلے میں 71 ارب روپے کم ہے، اپریل میں فیڈرل ایکسائز ٹیکس 36 ارب روپے وصول کیا گیا، جو کہ ہدف کے مقابلے میں 21 ارب روپے کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں