پرویز الہیٰ کے گھر چھاپہ پی ٹی آئی کا حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہوگی۔
قبل ازیں وفاقی وزرا نے پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے سے لاتعلقی کا اظہا رکرتے ہوئے ملبہ پنجاب کی نگراں حکومت پر ڈال دیا جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب نے عدالتی دستاویزات موصول ہونے کے بعد پرویز الہیٰ کی گرفتاری 6 مئی کو مؤخر کردی۔
مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈا پر بات ہو گی
اس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اجلاس ہوا جس میں اراکین نے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز دی اور کہا کہ اگر ہم پیچھے ہٹے تو سپریم کورٹ میں حکومت کو موقع مل جائے گا۔ اجلاس میں پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کی مذمت بھی کی گئی۔