ملک کو ساڑھے تین سال نقصان پہنچانے والوں کی گارنٹی دینے والا ہی کوئی نہیں نواز شریف
ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کیا جائے گا،قائد مسلم لیگ(ن)
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے حکومت کو مہنگائی کم کرنے کی ہدایت کردی جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں عوام کے لیے جلد ریلیف پیکیج لانے کی یقین دہانی کرادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی انتہائی اہم بیٹھک ہوئی جس میں پنجاب کی سیاسی، معاشی، قانونی، اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف لندن سے رابطے میں تھے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات ملک و قوم کے لیے ہیں لیکن دوسری طرف ذاتی مفادات، ملک و اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ اور ملک کو جنہوں نے ساڑھے تین سال نقصان پہنچایا ان کی گارنٹی دینے والا ہی کوئی نہیں، ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
نواز شریف نے ہدایت دی کہ ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کیا جائے گا، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کے لیے پالیسیاں بنائی جائیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ ملک و قوم کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ساڑھے تین سال کے دوران ملک و عوام دشمنوں نے اس ترقی کو تباہ کردیا، عوام ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
یہ پڑھیں : وزیراعظم کی وفاقی اور صوبائی محکموں کو کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کی ہدایت
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے مزید کہا کہ کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا اور ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہوگا، ایک سال ہوگیا ملک کی بہتری و ترقی کے لیے اتحادیوں سے مل کر محنت کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو بہت جلد عوامی ریلیف کے بارے میں خوش خبری دیں گے، ریلیف پیکج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی۔