سوات ایس ایچ او کی ایمانداری ملبے سے ملے 25 لاکھ روپے حکام کے حوالے

آئی جی خیبرپختونخوا کا فرض شناسی کی مثال قائم کرنے والے ایس ایچ او کیلئے انعام اور اعزاز کا اعلان


احتشام بشیر April 30, 2023
ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی اکرام اللہ کی فائل فوٹو

ایس ایچ او سی ٹی ڈی تھانہ کبل نے بارود کے ڈھیر سے ملنے والے 25 لاکھ روپے حکام کے حوالے کرکے ایمانداری کی نئی مثال قائم کردی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں 24 اپریل کو تھانہ کبل سی ٹی ڈی کے مال خانے میں دو دھماکے ہوئے تھے جس سے تھانے سمیت کئی عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں، چھ روز بعد جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے کے دوران ایک پیکٹ ملا جس میں مال مقدمہ کے 25 لاکھ روپے موجود تھے۔

ملبہ اٹھانے کے دوران ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی اکرام اللہ نے پیسوں سے بھرا پیکٹ اٹھا کر حکام کے حوالے کردیا، فرض شناسی پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے ایس ایچ او کیلئے پولیس اعزاز اور کیش پرائز کا اعلان کیا گیا ہے، آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ اکرام اللہ کی ایمانداری اور فرض شناسی نے کے پی پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی کبل نے بتایا کہ دھماکوں کے بعد بلڈنگز سے ملبہ ہٹایا جا رہا تھا، پیسوں سے بھرا پیکٹ ملبے میں دبا ہوا تھا جب اٹھایا تو اس میں 2022 میں ایک کیس کے مال مقدمہ کے پیسے تھے جو محکمہ پولیس کی امانت تھی، مجھے فخر ہے کہ میں پولیس کا حصہ ہوں اور جو تنخواہ مل رہی ہے اس پر اچھے طریقے سے زندگی گزار رہا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔