بلوچستان میں بارش مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
24 گھنٹوں کے دوران 23 اضلاع میں بارش ہوئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے
April 30, 2023
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلا دھار بارش سے دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے 23 اضلاع میں بارش ہوئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 11 اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اےکے ڈائریکٹر جنرل نصیر احمد کے مطابق 27 اپریل کو بارش سے متعلقہ واقعات میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربت میں سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، لسبیلہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی، خضدار میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع پنجگور میں بارش سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نصیر احمد کے مطابق پی ڈی ایم اے اور ضلعی حکام نے شہریوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کے 20 سے زائد اضلاع مون سون کی بارشوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی الرٹ جاری کر کے ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔