لاہور شہر کی جدید تخلیق نو کیلئے بلیو روڈ کا تصور متعارف
بلیو روڈ دلکش نظر آنے کیساتھ گرمی کو جذب اور فضائی آلودگی بھی کم کرتا ہے، ترجمان سی بی ڈی
سی بی ڈی پنجاب نے لاہور شہر کی جدید تخلیق نو کے لیے ''بلیو روڈ'' کا تصور متعارف کرادیا۔
پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی(پی سی بی ڈی ڈی اے) نے اپنے جاری منصوبے کلمہ چوک انڈرپاس ریماڈلنگ اورسی بی ڈی پنجاب بولیورڈ میں ''بلیو روڈ'' کے تصور کو متعارف کرایا ہے۔
سی بی ڈی ترجمان کے مطابق ''بلیو روڈ'' میں نیلے اسفالٹ کا استعمال شامل ہے، یہ تصور پہلی بار قطر میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید اور اس کے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
سی بی ڈی پنجاب کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بلیو روڈ نہ صرف ظاہری طور پر دلکش نظر آتا ہے بلکہ گرمی کو جذب کرنے اور فضائی آلودگی کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے، بلیو روڈ صوبائی دارالحکومت کے بگڑتے ایئر کوالٹی انڈیکس کو بحال کرنے میں مدد کرے گا۔
سی ای او سی بی ڈی پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے شہریوں کو عالمی معیار کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے تحت لاہور میں بلیو روڈ کا جدید تصور لانے پر فخر ہے، تعمیراتی کام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی طرف سے دی گئی ٹائم لائن کو پورا کریں گے۔