عامر خان کی ’لال سنگھ چڈا‘ کیوں ناکام ہوئی انوپم کھیر نے وجہ بتادی
میں بائیکاٹ ٹرینڈ کی حمایت نہیں کرتا لیکن آپ کسی شخص کو کوئی کام کرنے سے نہیں روک سکتے، انوپم کھیر
بالی وڈ کے نامور اداکار انوپم کھیر نے عامر خان کی میگا فلم 'لال سنگھ چڈا' کی باکس آفس پر ناکامی کی وجہ بتائی ہے۔
ایک تازہ انٹرویو میں انوپم کھیر نے فلم کی ریلیز کے تقریباً ایک برس بعد اس پر اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر فلم عظیم ہوتی تو اسے کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا تھا۔
انوپم کھیر نے واضح انداز میں بتایا عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈا' ایک عظیم فلم نہیں تھی اور اگر یہ بہت شاندار ہوتی تو اسے کامیاب ہونے سے روکنے کی طاقت کسی میں نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ کے باوجود عامر خان کی 'پی کے' باکس آفس پر کامیاب رہی، اس لئے ہمیں سچائی کو تسلیم کرلینا چاہئے۔
انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ وہ بائیکاٹ ٹرینڈ کی حمایت نہیں کرتے لیکن آپ کسی شخص کو کوئی کام کرنے سے نہیں روک سکتے لیکن آپ اپنی پروڈکٹ بہتر کرسکتے ہو۔
انہوں نے بتایا کہ اگر آپ کی پروڈکٹ اچھی ہوگی تو وہ اپنے مداح خود ڈھونڈ لے گی، بائیکاٹ ٹرینڈ کو ختم کرنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ ہم شاندار کام کریں۔