جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سابق ارکان اسمبلی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے سیاستدانوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی
جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے بعض وزرا نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے بیان کے مطابق سرائیکی پٹی سے تعلق رکھنے والے ان سیاستدانوں نے اسلام آباد کے بلاول ہاؤس میں پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سیاستدانوں میں سید ہارون احمد سلطان بخاری، چوہدری اصغر جٹ، سید جمیل شاہ، ملک فیض احمد کھکھ ایڈووکیٹ، رانا انتظار احمد، میاں عامر وٹو اور مسعود مجید شامل ہیں۔
مظفر گڑھ سے بخاری اس سے قبل مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ اصغر جٹ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر وہاڑی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ خانیوال سے ایم پی اے رہنے والے جمیل شاہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کا حصہ تھے۔
خانیوال سے جمیل شاہ کا تعلق بھی ن لیگ سے تھا۔ مظفر گڑھ سے فیض احمد مسلم لیگ (ق) کا حصہ تھے اور بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے انتظار احمد نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
میاں عامر وٹو اس سے قبل پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر تھے جبکہ خانیوال میونسپل کمیٹی کے چیئرمین رہنے والے مسعود مجید ڈاہا کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔
بیان کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے سیاستدانوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔