کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

بارش اور تیز ہواؤں سے تار ٹوٹ کر پانی میں گر گیا جس سے بھانجے کو کرنٹ لگا، ماموں متوفی

—فائل فوٹو

ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی اور اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام چوک میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی میں بلال مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت 20 سالہ شبدل کریم کے نام کی گئی۔

اس حوالے متوفی کے ماموں نور الحق نے بتایا کہ بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کا تار ٹوٹ کر پانی میں گر گیا تھا اور اس کا بھانجا گلی سے گزر رہا تھا تو اسے کرنٹ لگ گیا جبکہ متوفی فشری میں مزدوری کرتا تھا۔


علاوہ ازیں اورنگی ٹاون کے علاقے اسلام چوک ساروان ہوٹل کے قریب نوجوان کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 18 سالہ شعیب کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او پاکستان بازار سہیل خاصخیلی نے بتایا کہ نوجوان بارش کے دوران مذکورہ مقام سے گزر رہا تھا کہ اس دوران اسے بجلی کے پول سے لگا تھا تاہم اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔

 
Load Next Story