ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کیلیے خصوصی کمیٹی بنانے کی قراردار منظور
جے یو آئی کی رکن شاہدہ اختر نے ایوان میں قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے مںظور کرلیا
سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد کثرت رائے سے منظور ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کی رکن شاہدہ اختر نے ایوان میں قرارداد پیش کی اور ثاقب نثار کے بیٹے کی سامنے آنے والی آڈیو کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔
آڈیو تحقیقات سے متعلق خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی سے منظور کرلی۔ قراردار پیش کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ کمیٹی ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات کرے اور خصوصی کمیٹی تشکیل دے، یہ ایوان خصوصی کمیٹی تشکیل دے جو سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کرے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ٹکٹ دینے اور پیسوں کی لین دین کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے۔ اس آڈیو کے بعد ثاقب نثار نے اپنے بیٹے کی آواز کی تصدیق کی جبکہ پی ٹی آئی نے بھی تحقیقات کیلیے پارٹی کمیٹی تشکیل دی تھی۔