حساس اداروں کے سربراہان کی وزیر اعظم کو سیکیورٹی امور پر بریفنگ
ملاقات میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اہم حکام نے شرکت کی
حساس اداروں کے سربراہان نے وزیراعظم شہباز شریف کو سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں عسکری حکام اور حساس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر غور کیا گیا جبکہ حساس اداروں کے سربراہان نے سلامتی کے امور اور ملک کی سرحدی سمیت مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوے۔ وزیراعظم نے پاک فوج اور عسکری اداروں کی پیشہ وارانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی امور پر اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کے وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ عدالتی کارروائی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی شرکاء کو آئینی امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے فورم کا موثر انداز میں استعمال جاری رکھنے پر اتفاق اور پارلیمانی معاملات میں کسی کو بھی مداخلت کی اجازت نہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔