عدالت کی مہلت پر عمران خان کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

عمران خان کل پیش نا ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی، اسلام آباد ہائیکورٹ


ویب ڈیسک May 03, 2023
(فائل : فوٹو)

بغاوت، اقدام قتل اور جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے مقدمات کے خلاف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو پیشی کے لیے کل تک کی مہلت دے دی، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عمران خان کل پیش نا ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے یقین دہانی کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کل ایمبولینس میں بھی آنا پڑا تو آئیں گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور فیصل چوہدری جبکہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عمران خان کی مزید سماعت کی درخواستیں کل تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین عمران خان صبح 8:00 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے لاہور زمان پارک سے روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز دھکا لگنے کی وجہ سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی فریکچرڈ ٹانگ شدید متاثر ہوئی تھی جو شدید تکلیف کا باعث بنی، جس پر عمران خان کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا تھا اور وہ اسی سبب اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہیں ہوئے۔

‏ہائی کورٹ کے آج کے فیصلے کے مطابق حاضری ضروری ہے تو عدالت کے احترام اور قانون کی سربلندی کے لیے اس شدید تکلیف کے باوجود عمران خان نے کل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے

وقفے سے قبل سماعت


قبل ازیں، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کی ذاتی حیثیت میں عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے تنبیہ کی تھی کہ عدالتی اوقات میں عمران خان پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دیں گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں درخواست گزار؟ وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ وہ نہیں آسکے اس لیے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کہاں ہے استثنیٰ کی درخواست، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ درخواست دائر ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی وقت تک درخواست گزار عمران خان پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دیں گے، عدالتوں کا مذاق بنا کر رکھا ہوا ہے، ہائیکورٹ کو سول کورٹ سمجھ رکھا ہے کیا؟ عدالتوں کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ یا ہم نیچے آگئے ہیں یا وہ اوپر آ گئے ہیں۔

عدالت نے عمران خان کی عدالتی اوقات میں پیشی تک سماعت میں وقفہ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ حاضری یقینی بنانے کے عدالت حکم کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے۔ عمران خان نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |