رینجرز نے پاکستان چوک سے متحدہ کے 3 کارکن گرفتار کرلیے

کارکنوں کے اہلخانہ کا رینجرز ہیڈ کوارٹر پر احتجاج،پولیس نے 69 ملزم گرفتارکرلیے


Staff Reporter April 22, 2014
کارکنوں کے اہلخانہ کا رینجرز ہیڈ کوارٹر پر احتجاج،پولیس نے 69 ملزم گرفتارکرلیے۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت 69 ملزم گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے پاکستان چوک کے قریب سے3 افراد ساجد عرف پپو،حمزہ اور شہزادہ کو حراست میں لے کر تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ذرائع کے مطابق تینوں افراد متحدہ برنس سیکٹر یونٹ 24 کے کارکن ہیں جو ریلوے سٹی کالونی کے رہائشی اور موٹر سائیکل ٹھیک کرانے پاکستان چوک آئے تھے جنھیں رینجرز نے حراست میں لے لیا، تینوں افراد کے اہلخانہ نے رینجرز ہیڈکوارٹرز پہنچ کر زیر حراست نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تاہم رینجرز حکام نے حراست سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو رینجرز نے حراست میں لیا اب لاعلمی کا اظہار حیران کن ہے، بعدازاں رینجرز کی بھاری نفری نے ریلوے سٹی کالونی پیلی بھٹ کے قریب ایک جگہ کھدائی کرائی جہاں سے کچھ برآمد نہیں ہوا۔

بعدازاں رینجرز نے دعویٰ کیا کہ سٹی ریلوے کالونی کے ایک مین ہول سے 3 بوری اسلحہ برآمد ہوا ہے، ایس ایچ او ناظم آباد اعجاز لودھی نے گول مارکیٹ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ملزم فیضان کو گرفتار کر کے اسلحہ، دستی بم اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزم نے16 افرادکو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے،ملزم رضویہ جہانگیر آباد کا رہائشی اور سیاسی جماعت کا کارکن ہے، ماڑی پور پولیس نے مشرف کالونی سے گینگ وار کے3 کارندوں واجد بلوچ ، شیر حسن عرف شیرا اور لعل بخش کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان اغوا ، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں،فیروزآباد پولیس نے سوسائٹی قبرستان کے قریب چھاپہ مار کر2 ملزمان شانی اور زوہیب کوگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، گارڈن پولیس نے خفیہ اطلاع پر چڑیا گھر کے قریب سے منشیات فروش ممتاز کو گرفتار کرکے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کرلی،پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں