یونیورسٹی روڈ اور گلستان جوہر سے جھگی ہوٹل اور پتھاروں کا خاتمہ

غیرقانونی دکانوں، ٹھیلوں اور پتھاروں کی وجہ سے علاقہ گندگی کا ڈھیر اورجرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکا تھا


Staff Reporter April 22, 2014
سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کی بہتری پر مکینوں نے بلدیہ عظمیٰ کی کارروائی کو بھرپور انداز میں سراہا،بلال منظر ۔ فوٹو : ایکسپریس/ فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انسداد تجاوزات کی ٹاسک فورس نے یونیورسٹی روڈ محکمہ موسمیات سے صفورا گوٹھ، گلستان جوہر تک سیکڑوں کی تعداد میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔

اس آپریشن میں لاتعداد ٹھیلے، پتھارے، جھگی ہوٹل، پختہ اور نیم پختہ دکانیں، پنکچر کی دکانیں، کیبن اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا،ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایت پرہونے والے اس آپریشن کی نگرانی سینئر ڈائریکٹر اور انسداد تجاوزات ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال منظر کررہے تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شاکر ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ریحان اور فوکل پرسن نسیم الغنی اور اسٹاف کے 50 سے زائد ملازمین نے آپریشن میں شرکت کی۔

جس کے دوران اس علاقے میں بڑی تعداد میں زندہ مرغی فروخت کرنے والوں کی دکانوں، ٹھیلوں اور پتھاروں کو مسمار کر کے علاقے کو صاف کردیا گیااور ٹریفک کی روانی کو بہتر کیا گیا علاقہ مکینوں نے بلدیہ عظمیٰ کی اس کارروائی کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے ان دکانوں، ٹھیلے اور پتھاروں کی وجہ سے علاقہ گندگی کا ڈھیر بن چکا تھا اور جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بھی بن چکا تھا تاہم اس آپریشن کے بعد علاقہ صاف ہوگیا ہے اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی بھی ہوگئی ہے، سینئر ڈائریکٹر اور انسداد تجاوزات ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال منظر نے اس موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کا بیشتر علاقہ متاثر ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر کے کئی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ذریعے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر کیا گیا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں