یوکرین نے ڈرون حملوں کے ذریعے صدرپوٹن کو قتل کرنے کی کوشش کی روس

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کریمیلن کی عمارت کی جانب آنے والے ڈرون کو تباہ کردیا گیا، کریملین


ویب ڈیسک May 03, 2023
ڈرونز حملوں میں صدر پوتن محفوظ رہے؛ فوٹو: فائل

روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے ولادیمیر پوٹن کو ڈرون حملوں کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی خوش قسمتی سے یہ حملے ناکام رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے کریملین کی عمارت کی جانب آنے والے بارود سے بھرے ڈرونز کو ہدف کے نہایت قریب نشانہ بناکر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

روسی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈرونز یوکرین نے صدر پوٹن کو ہلاک کرنے کے لیے داغے تھے تاہم فضا میں ہی ناکارہ بنائے جانے کے سبب کریملن کی عمارت محفوظ رہی۔ حملے کے وقت صدر پوتن محل میں نہیں تھے۔

روسی فوج نے اس حملے کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے روسی صدر کی زندگی پر حملے کی کوشش قرار دیتے ہوئے یوکرین کو خبردار کیا ہے کہ جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

https://twitter.com/RakanSlmaan/status/1653742462995660802?s=20

ادھر یوکرین نے روسی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریملن پر مبینہ ڈرون حملوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ یوکرین کریملن پر حملہ نہیں کرتا کیونکہ اس سے کوئی فوجی مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ روس اس واقعے کو یوکرین کے ساتھ 14 ماہ سے جاری جنگ کو مزید طول دینے کا جواز فراہم کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ روسی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک غیر تصدیق شدہ ویڈیو میں کریمیلن محل کے عقب سے ہلکا دھواں اٹھتا دکھایا گیا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں صدارتی محل کے گنبد کے بالکل اوپر ایک ڈرون کو مار گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں