روس نے یوکرین جنگ میں اپنے ہلاک فوجیوں کی تعداد سے متعلق امریکی دعویٰ مسترد کردیا
سرکاری اعداد و شمار کے بغیر امریکا ہلاک شدہ روسیوں کی صحیح تعداد بتا ہی نہیں سکتا، کریملن
روس نے یوکرین جنگ میں روسی ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق امریکی دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
روس کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹیس(TASS) کے مطابق روسی ایوان صدر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کا یوکرین جنگ میں روسیوں کی ہلاکت کی تعداد کا دعویٰ ہوا میں کہی گئی بات کی طرح ہے جو سراسر غلط ہے۔
کریملن کی جانب سے امریکا پر تنقید وائٹ ہاؤس کے دیے گئے بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ یوکرین جنگ میں دسمبر کے بعد سے اب تک 1 لاکھ روسی مارے گئے ہیں۔
جان کربی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ ان اموات میں سے تقریباً نصف روس کی نجی ملٹری کمپنی ویگنر گروپ کے فوجی تھے۔
دمتری پیسکوف کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ہلاک شدہ روسیوں کی صحیح تعداد بتا ہی نہیں سکتا جب تک روسی وزارت دفاع کی جانب سے اعداد و شمار جاری نہ کیے جائیں۔
واضح رہے کہ روس نے ستمبر کے بعد سے کوئی ہلاکتوں کی تعداد شائع نہیں کی ہے، ستمبر میں جاری کردہ روس کے اعداد و شمار کے مطابق یوکرین جنگ میں تقریباً 6000 روسی فوجی مارے گئے تھے۔