محفل نعت

محفل نعت پاکستان، اسلام آباد ہر سال اپریل میں اپنے نئے سال کا آغاز ایک شاندار ردیفی نعتیہ مشاعرے سے کرتی آ رہی ہے

S_afarooqi@yahoo.com

یہ ذکر ہے آج سے کوئی 34 سال پہلے کا، جب خود ہم بھی وفاقی دارالحکومت میں نیشنل براڈکاسٹنگ ہاؤس میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ اُس وقت یعنی 1989 کے آغاز تک اسلام آباد میں کوئی نعتیہ ادبی تنظیم قائم نہیں ہوئی تھی، اگرچہ کئی ادبی بزمیں اور انجمنیں مختلف ناموں سے موجود تھیں تاہم وہ بہاریہ مشاعرے ہی منعقد کر رہی تھیں۔

پھر یہ ہوا کہ اپریل 1989میں (غالباً) ہمارے دوست سید محمد حسن زیدی سے یہ اطلاع ملی کہ باقاعدہ نعتیہ ادب کے فروغ کے لیے ایک تنظیم محفل نعت، اسلام آباد کے نام سے تشکیل دی گئی ہے جس کے زیر اہتمام ماہانہ نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ چنانچہ ہمیں بھی محفل نعت کی ماہانہ نشستوں میں شرکت کا کئی بار اتفاق ہوا۔

آج یہ تنظیم دارالحکومت میں نہ صرف 34 برسوں میں بغیر کسی تعطل یا التوا کے ماہانہ شعری نشستوں کے سلسلے کے 400 سے زائد پروگرام منعقد کرنے کا شاندار ریکارڈ رکھتی ہے، بلکہ ملک بھر میں مختلف شہروں میں اپنی کئی شاخیں بھی قائم کر چکی ہے، جن میں محفل نعت کی خواتین شاخیں بھی شامل ہیں۔ اس طرح محفل نعت کے بینر کے نیچے متعدد مقامات پر ماہانہ نعتیہ مشاعرے کی محافل کا باقاعدہ انعقاد ہو رہا ہے۔ ابتدا میں محفل نعت کے قیام کے وقت اس کے صدر محمد سبطین شاہجہانی اور سیکریٹری عرش ہاشمی تھے۔ ان کے ابتدائی دور کے رفقاء میں رئیس بدایونی، صابر کاسگنجوی اور کچھ دیگر احباب شامل تھے۔

محفل نعت پاکستان، اسلام آباد ہر سال اپریل میں اپنے نئے سال کا آغاز ایک شاندار ردیفی نعتیہ مشاعرے سے کرتی آ رہی ہے۔ دبستانِ وارثیہ، کراچی کے مشورے سے اس مشاعرے کے لیے ردیف کا انتخاب کیا جاتا ہے اور کورونا وبا سے پہلے خود قمر وارثی اور بعض دیگر احباب کراچی سے بھی اس ردیفی محفل ِ مشاعرہ میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

سالانہ محفل میں حیدر آباد(سندھ)، لاہور، ملتان، اٹک، واہ کینٹ اور دیگر جگہوں سے بھی شعراء شریک ہوتے رہے ہیں۔ جیسا کہ ذکر ہوا، محفل نعت کے قیام سے پہلے اسلام آباد میں نعتیہ ادب کے فروغ و ترویج کے لیے کوئی تنظیم موجود نہیں تھی۔ تاہم دارالحکومت میں نعتیہ ادبی فضا کی تشکیل کے نتیجے میں 2001میں ایک اور نعتیہ ادبی تنظیم بزمِ حمد و نعت کے نام سے وجود میں آئی۔

اس کے سیکریٹری حافظ نور احمد قادری اور صدر ممتاز نعت گو ڈاکٹر سید ہلال جعفری، جن کا تعلق ملتان سے تھا، منتخب ہوئے۔ دیگر بنیادی اراکین میں جنید آزر، کاشف عرفان، اطہر ضیاء وغیرہ شامل تھے۔ بزمِ حمد و نعت کا ماہانہ مشاعرہ ہر ماہ کے دوسرے اتوار کو ایک مقررہ جگہ یعنی دفتر المصطفیٰ ویلفیر سوسائٹی، مرکز ایف سکس پر ہوتا ہے۔


محفل ِ نعت پاکستان کو بہر حال یہ امتیازی شرف حاصل ہے کہ گزشتہ 34 برسوں کے دوران کسی بھی طرح کے حالات میں ماہانہ محفل(جو ہر ماہ مختلف جگہ پر کسی نعت گو شاعر یا با ذوق شخصیت کی میزبانی میں منعقد کی جاتی ہے) کے انعقاد میں ناغہ نہیں ہوا۔ اسی طرح یہ بھی ایک منفرد سعادت کی بات ہے کہ گزشتہ تقریباً 30 برسوں سے ماہ رمضان المبارک میں ماہانہ محفل کی میزبانی کا اعزاز ہمارے دوست عرش ہاشمی کے حصے میں آتا ہے۔

امسال رمضان المبارک میں 35ویں سال کا آغاز پر 409ویں مشاعرے کا انعقاد عرش ہاشمی کے گھر پر ہوا۔جب کہ سالانہ مشاعرے کی محفل اپریل کی بجائے اس ماہ منعقد ہو رہی ہے، جس کے میزبان ہمارے دیرینہ دوست سید محمد حسن زیدی ہیں۔ زیدی صاحب کو اس مبارک محفل نعت کے سینیئر نائب صدر ہونے کی سعادت بھی حاصل ہے۔محفل نعت کے موجودہ صدر سید ابرار حسین اور نائب صدر محسن شیخ ہیں۔

محفل نعت کی ماہانہ ادبی نشستوں نے دارالحکومت میں ایسی نعتیہ ادبی فضا تشکیل دینے میں کامیابی حاصل کر لی ہے کہ ہر ماہ دور و نزدیک سے نعت گو شعراء ان نشستوں میں شریک ہوتے ہیں۔ یہی نہیں، بہت سے شعراء غزل گوئی سے مکمل طور پر نعت نگاری کی طرف آ گئے ہیں۔ بہت سے شعراء کے نعتیہ مجموعہء کلام شائع ہو کر ادبی حلقوں سے خراجِ تحسین وصول کر چکے ہیں اور ان میں محفل نعت کے تقریباً تمام ہی اہم اراکین کے نام شامل ہیں۔

کراچی کے ممتاز نعت گو شاعر اور نقاد ڈاکٹر عزیز احسن بھی اپنے اسلام آباد میں قیام کے عرصہ میں محفل نعت کے صدر رہے ہیں۔ان کے علاوہ مختلف ادوار میں محفل ِ نعت پاکستان کے صدر کی ذمے داریاں سنبھالنے والوں میں ممتاز شاعر و مصنف، نقاد اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر، صابر کاسگنجوی مرحوم، سبطین شاہجہانی، سید ابرار حسین(موجودہ صدر)اور عرش ہاشمی بھی شامل ہیں۔

ان برسوں میں دارالحکومت اسلام آباد کا شاید ہی کوئی سیکٹر یا علاقہ ایسا رہ گیا ہو، جہاں محفل نعت کی ماہانہ نشست منعقد نہ ہوئی ہو۔ علاوہ ازیں تمام کمیونٹی سینٹرز میں کئی مرتبہ یہ محفل سجائی جا چکی ہے۔ اسلام آباد کلب اور میریٹ ہوٹل جیسی جگہوں تک محفل نعت کے تحت نعتیہ مشاعروں کا انعقاد ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں دارالحکومت کی ادبی فضا پر بھی نہایت مثبت اثرات مرتب ہوئے اور ہو رہے ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ محفل نعت پاکستان اپنے قیام سے آج تک اپنے اصولوں پر قائم ہے اور کسی بھی شخصیت کو صدارت یا مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو نہیں کیا جاتا، بلکہ ہر ماہ محفل کے آغاز کے وقت موجود شعراء میں سے ہی صدر اور مہمانِ خاص کا انتخاب کر لیا جاتا ہے اس طرح تمام شعراء صرف محفل نعت میں شرکت کے لیے ہی آتے ہیں، نہ کہ صدارت یا خصوصی حیثیت سے شریک ہونے کے لیے۔ محفل نعت کی ادبی نشستوں میں شعراء کے ساتھ شاعرات کی مخلوط شرکت سے بھی ہمیشہ اجتناب کیا گیا ہے۔

2020میں نعت گو شاعرات نے خود منظم ہو کر محفل نعت کی خواتین شاخ کے قیام کا فیصلہ کیا اور انھی اصولوں کے تحت اپنی ماہانہ نعتیہ مشاعروں کی نشستیں منعقد کر رہی ہیں۔
Load Next Story