توشہ خانہ نااہلی کیس میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں توسیع
عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں 11 مئی تک توسیع کردی۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ویسے یہ ایک سیکنڈ کا کیس ہے، لیکن پتا نہیں کیوں اس میں دیر ہو رہی ہے ۔ وکیل نے کہا اصل ایشو یہ ہے کہ درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں کیس فل بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائی کورٹ میں آپ کا کیس کب لگا ہوا ہے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہمارا کیس لاہور میں 19 مئی کو شاید مقرر ہے ۔ مسلسل کیسز لگے ہوئے ہیں، میں نے چھٹی پر بھی جانا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن کی طرف سے آج التوا کی درخواست آئی ہے۔توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے فیصلے کو عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر رکھا ہے۔ عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایسی ہی دائر درخواست واپس لینے کے لیے رجوع کر رکھا ہے ۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل خالد اسحاق کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت جمعرات 11 مئی تک ملتوی کردی۔