پی ٹی آئی اسلام آباد ریلی کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلے کا حکم
پی ٹی آئی کی ریلی آزادیٔ اظہار سے وابستہ ہے، ڈپٹی کمشنر درخواست دیکھ کر فیصلہ کریں، جسٹس بابر ستار کے ریمارکس
ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے دارالحکومت میں ریلی نکالنے کی اجازت سے متعلق درخواست میں حکم دیا ہے کہ ڈی سی قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اظہار یک جہتی کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے 6 مئی کی ریلی کے لیے این او سی جاری کرنے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔
دوران سماعت وکیل نے درخواست کی کہ پی ٹی آئی کے پرامن کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ ڈی سی کو احکامات دیے جائیں کہ وہ آئی جی کو ریلی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کریں۔ این او سی کے لیے ڈی سی سے رجوع کیا گیا مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ عدلیہ سے اظہار یک جہتی کے لیے پی ٹی آئی نے ہفتے کو ملک بھر ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کی ریلی آزادیٔ اظہار سے وابستہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر قانون کے مطابق درخواست کو دیکھ کر فیصلہ کریں۔ عدالت نے ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔