پاک فضائیہ نے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچے کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کردی

عبداللہ نوید کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے میں بٹھایا گیا اور بیس کے مختلف یونٹس کا دورہ بھی کروایا گیا


آصف محمود May 05, 2023
عبداللہ نوید کو ایئر وائس مارشل خالد محمود اور ایئر کموڈور عاصم رانا نے اعزازی رینک پہناۓ (فوٹو: ایکسپریس)

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نےتھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ایک ذہین بچے عبداللہ نوید کے لیے انتہائی شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا پائلٹ بننے کا خواب پورا کر دیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق فضائیہ کے آپریشنل بیس پر ایک دن کے لیے عبداللہ نوید کو پائلٹ بنایا گیا۔

میک اے وش فاؤنڈیشن، پاکستان کے تعاون سے عبداللہ نوید نے پی اے ایف کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا جہاں انہیں ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل خالد محمود اور بیس کمانڈر ایئر کموڈور عاصم رانا نے اعزازی رینک پہناۓ۔

عبداللہ نوید کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے میں بٹھایا گیا اور بیس کے مختلف یونٹس کا دورہ بھی کروایا گیا۔ اس موقع پر عبداللہ کے والدین اور میک اے وش فاؤنڈیشن کے منتظم اعلیٰ اشتیاق بیگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

Thelesemia-child

عبداللہ نے اس منفرد اور بے مثال تجربے سے گزرنے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور سربراہ پاک فضائیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ عبداللہ نوید کا پی اے ایف فائٹر پائلٹ بننا ایک خواب تھا جو پاک فضائیہ کے ساتھ پوری پاکستانی نوجوان نسل کی روایتی وابستگی کا مظہر ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ پوری پاکستانی قوم کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور پوری قوم کے ہمراہ عبداللہ نوید کی جلد صحت یابی اور ان کے خواب کی تعبیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔

 



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں