ایک روزہ میچوں میں تیزترین 18 سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے نام
پاکستانی کپتان نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کی 97 ویں اننگز میں انجام دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابراعظم کے بلے کی ضربوں سے عالمی ریکارڈز کے پاش پاش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں انہوں نے تیزترین 5000رنز کے بعد تیزترین 18 سنچریاں اسکور کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کیریئر کی 18 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 107 رنز بنائے۔ یہ بابراعظم کے ون ڈے کیریئر کی 97 ویں اننگز تھی۔
قبل ازیں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں تیزترین 18 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کے پاس تھا۔ ہاشم آملہ نے 102 اننگز میں 18 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
پاکستانی کپتان ون ڈے کیریئر کی 18 ویں سنچری گیارہ ماہ کے وقفے کے بعد اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 17 ویں سنچری انہوں نے گذشتہ برس جون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکور کی تھی۔
اسی میچ میں بابراعظم نے ہاشم آملہ سے ایک روزہ میچوں میں تیزترین 5000رنز بنانے کا ریکارڈ بھی چھین لیا۔ بابراعظم نے 5000رنز کا سنگ میل کیریئر کی 97 ویں اننگز میں عبور کیا جبکہ ہاشم آملہ نے 101 اننگزمیں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔