کراچی کے علاقے گارڈن میں فائرنگ پولیس اہلکار سمیت سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

سب انسپکٹر غلام مصطفی اور سیکیورٹی گارڈ محمد رفیق نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس

جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول برآمد ہوئے، پولیس۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

گارڈن تھانے کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت پر سب انسپکٹر اور سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان نے گارڈن تھانے کی حدود میں واقع پی آئی اے کے دفتر میں ڈکیتی کی کوشش کی تو جائے وقوعہ پر موجود سب انسپکٹر غلام مصطفی اور سیکیورٹی گارڈ محمد رفیق نے مزاحمت کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر اور سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گئے، دونوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول برآمد ہوئے اور ملزمان فائرنگ کر کے لیاری کی جانب فرار ہو گئے، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
Load Next Story