ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر 113.483 کے ساتھ پاکستان پہلے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا کا دوسرا اور بھارت کا تیسرا نمبر ہے


ویب ڈیسک May 05, 2023
فوٹو پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے کر عالمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

کراچی میں ہونے والے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے باآسانی شکست دی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں فتح حاصل کرنے والے بعد عالمی ٹیبل پوائنٹس پر پاکستانی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر آگئی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا اور بھارت ہیں۔

مزید پڑھیں: چوتھا ون ڈے؛ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 113.483 کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 113.286 کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 112.683 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

icc-ranking

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ون ڈے کی عالمی ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔

نجم سیٹھی کی مبارک باد

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تاریخی کامیابی پر ٹیم اور قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں، مجھے ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نجم سیٹھی کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد


انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے، امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔

کرکٹ اسٹار اور شوبز ستاروں کی بھی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارک باد

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اس لمحے کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 102 رنز سے فتح، ورلڈکلاس ٹیم پر غلبہ اور عالمی رینکنگ میں پہلا نمبر ہوگیا۔

آفریدی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بابر اعظم کو 5 ہزار رنز اور سنچریاں بنانے پر مبارک باد دی اور لکھا کہ آغا سلمان، اسامہ میر، محمد وسیم نے بتادیا کہ یہ کیسے ممکن ہوا۔ انہوں نے ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'لڑکوں پوری قوم کو تم پر بہت فخر ہے، آپ نے آنے والے ورلڈکپ کے حوالے سے ہماری امیدیں بڑھا دی ہیں'۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے لکھا کہ 'لڑکوں کو ورلڈ نمبر 1 بننے پر مبارک ہو! مثبت رفتار اور توانائی کو برقرار رکھیں۔ یہ اعزاز اب ہمارے پاس ہے انشاء اللہ ہم ہی اسے اپنے پاس رکھیں گے'۔

اداکارہ ماورا حسین اور گلوکار عاصم اظہر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی ٹیم کے نمبر ون بننے پر مبارک باد پیش کی۔


 


 



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں