لاہور میں اغوا کی گئی کمسن بچی 24 گھنٹے میں بازیاب

بچی اپنے ذہنی معذور چچا کے پاس بیٹھی تھی کہ اغواکار اسے ورغلا کر لے گیا، سیف سٹی کیمروں سے ملزم کی شناخت ہوئی


ویب ڈیسک May 06, 2023
(فوٹو : فائل)

لاہور پولیس اور سیف سٹیز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ کمسن بچی کو 24 گھنٹے میں بازیاب کرالیا۔

ایکسپریس نیوز کو موصولہ اطلاعات کے مطابق مسکان فاطمہ چائنہ اسکیم کےعلاقہ میں اپنے ذہنی معذور چچا کے پاس بیٹھی تھی کہ اغواکار کمسن بچی مسکان فاطمہ کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور مقام کا سراغ لگایا گیا۔

پولیس کے مطابق مغوی بچی کی تلاش کے لیے 300 سے زائد کیمروں کی مدد سے 8 کلومیٹر تک ملزم کو ٹریس کیا گیا، بچی کو اٹھا کر لے جاتا ہوا ملزم سیف سٹیز کیمروں میں دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس نے بادامی باغ کےعلاقہ سے بچی کو بحفاظت بازیاب کراکے والدین کے حوالے کردیا۔ مغوی بچی مسکان فاطمہ کے والدین نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کارکردگی کو سراہا۔

ایس پی رضا تنویر نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے اغوا میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں