رستم پاکستان کا ٹائٹل گوجرانوالہ کے پہلوان نے جیت لیا

فاتح پہلوان کو 10 لاکھ روپے انعام دیا گیا جبکہ رنرز-اپ پہلوان کو 5 لاکھ روپے انعام ملا


ویب ڈیسک May 07, 2023
[فائل-فوٹو]

پنجاب اسٹیڈیم کے دنگل کا مقابلہ گوجرانوالہ کے رہائشی پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا اور رستم پاکستان کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق زمان انور جانی پہلوان نے پنجاب اسٹیڈیم میں ہونے والا دنگل کا فائنل جیت کر رستم پاکستان کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ پنجاب اسٹیڈیم میں دنگل کا فائنل ہوا جس میں گوجرانوالہ کے زمان انور جانی پہلوان کا مقابلہ بہاولپور کے آصف موچی پہلوان کے ساتھ تھا۔

پاکستان کے اس سب سے بڑے دنگل کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ دونوں پہلوانوں نے سبقت پانے کے لیے کئی داؤ پیچ لگائے تاہم 30 منٹ تک کشتی برابر رہنے کے بعد فاتح کا فیصلہ پوائنٹس پر ہوا۔

منصفین نے پوائنٹس کی برتری ملنے پر زمان انور جانی کو رستم پاکستان کا حقدار ٹھہرایا۔ رستم پاک وہند بشیر بھولا بھالا ، حامد خان پہلوان اور عثمان شاہد پہلوان نے منصف کشتی کے فرائض انجام دئیے۔ فاتح پہلوان کو 10 لاکھ روپے انعام دیا گیا جبکہ رنرز-اپ پہلوان کو 5 لاکھ روپے انعام ملا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں