بھارت نے واہگہ بارڈر پر تقریب دیکھنے کیلیے آن لائن بکنگ متعارف کرادی

بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اسٹیڈیم میں سیٹ کی آن لائن بکنگ کا اعلان کیا ہے جو کہ مفت ہوگی

(فوٹو : فائل)

بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف ) انڈیا نے اٹاری/ واہگہ بارڈر پر روزانہ ہونے والے پرچم اتارے جانے کی تقریب کے موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوانوں کی مشترکہ پریڈ دیکھنے کے خواہش مند شہریوں کے لیے آن لائن سیٹ بکنگ کی سہولت متعارف کروا دی۔

بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس پنجاب فرنٹیر کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اسٹیڈیم میں سیٹ کی آن لائن بکنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ آن لائن سیٹ کی بکنگ مفت ہوگی۔

بی ایس ایف کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر بھارتی شہری اپنی تفصیلات کا اندراج کرے گا، اپنا نام، شناختی کارڈ/ پاسپورٹ نمبر اور کس دن وزٹ کرنا ہے یہ تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جس کے بعد رجسٹریشن مکمل ہونے پر شہری کو سیٹ نمبر الاٹ ہوجائے گا۔


پاکستان سائیڈ پر بھی پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والوں کو الگ الگ کیٹگریز کے مطابق بٹھایا جاتا ہے۔ عام پبلک باب آزادی کے دونوں جانب بنے اسٹیڈیم کی کرسیوں پر بیٹھتے ہیں جبکہ خاص مہمانوں کے لیے پریڈ ایریا کے دائیں بائیں جانب کرسیاں لگائی جاتی ہیں۔

یہاں صرف ان مہمانوں کو بٹھایا جاتا ہے جن کا پروٹوکول پہلے سے لکھا ہوتا ہے تاہم کسی مہمان کو کوئی سیٹ نمبر الاٹ نہیں کیا جاتا پہلے آئیے کی بنیاد پر جگہ دی جاتی ہے۔ تیسری کیٹگری جو پاک بھارت زیرولائن پر نصب گیٹ کے قریب کا حصہ ہے یہاں وی وی آئی پی مہمان بٹھائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارتی اسٹیڈیم خاصا وسیع ہے جہاں 25 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ پاکستانی اسٹیڈیم میں 10 ہزار کے قریب شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔
Load Next Story